*حکومت کا پاکستان میں کرپٹو کرنسی متعارف کرانے کا فیصلہ*
اسلام آباد: وفاقی حکومت نے پاکستان میں کرپٹو کرنسیز اور بلاک چین ٹیکنالوجی کی ریگولیشن متعارف کروانے کیلئے تجاویز کا جائزہ لینا شروع کردیا ہے جس کیلئے جلد قوانین متعارف کرائے جائیں گے۔
نجی ٹی وی کے مطابق وفاقی حکومت جلد کرپٹو کرنسیز اور بلاک چین ٹیکنالوجی کے حوالے سے قوانین مرتب کرنے کے لیے ورچوئل ایسٹس بل 2025 پیش کرے گی۔
حکومتی جماعت پاکستان مسلم لیگ ( ن)کے سینیٹر ڈاکٹر افنان اللہ خان نے ایک پرائیویٹ ممبر بل پیش کیا جسے ’’ورچوئل ایسٹس بل 2025‘‘ کا نام دیا گیا ہے۔
یہ مجوزہ قانون نہ صرف کرپٹو کرنسیز اور ورچوئل ایسٹس کے استعمال،تجارت اور ان کے ضوابط کو یقینی بنائے گا بلکہ پاکستانی روپے کی پشت پناہی میں ایک ڈیجیٹل کرنسی بھی متعارف کرائے گاجسے اسٹیٹ بینک کے قوانین کے مطابق قانونی حیثیت حاصل ہوگی۔
اس بل کا مقصد پاکستان میں ورچوئل ایسٹس کے اجرا، تجارت، اور استعمال کو قانونی دائرے میں لانا ہےاس کے تحت "ورچوئل ایسٹ زونز" کا قیام عمل میں لایا جائے گا جو مالی استحکام، سرمایہ کاروں کے تحفظ، غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام، اور ڈیجیٹل روپے کو قانونی حیثیت دینے کے لیے ضروری اقدامات کریں گے ۔